وزیرآباد میں حضرت سخی سرور کا 870 واں سالانہ عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)عظیم صوفی بزرگ حضرت سخی سرور علیہ الرحمہ کا 870 واں سالانہ عرس نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر حضرت سخی سرور کی چلہ گاہ دھونکل میں ختمِ پاک کی روح پرور محفل منعقد ہوئی جس سے معروف عالمِ دین ڈاکٹر محمد آصف ہزاروی،چوہدری سلطان جوندہ ،چوہدری بلال احمد جوندہ نے خطاب کیا۔محفل سے خطاب کرتے ہوے ڈاکٹر آصف ہزاروی نے حضرت سخی سرور علیہ الرحمہ کی حیاتِ مبارکہ، تبلیغی خدمات اور اسلام کے فروغ کے لیے کی گئی عظیم کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سخی سرورؒ برصغیر کے ان عظیم اولیاء کرام میں شامل ہیں جن کے فیضان سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد نے دائرۂ اسلام میں داخل ہو کر دینِ حق کو قبول کیا۔انہوں نے  کہا  حضرت سخی سرور علیہ الرحمہ جہاں بھی تشریف لے گئے، وہاں توحید، عشقِ رسول ﷺ، اخوت اور امن و محبت کا پیغام عام کیا۔ آپ کی تبلیغ کا انداز انتہائی سادہ مگر مؤثر تھا، جس نے لوگوں کے دلوں کو مسخر کیا۔ انہوں نے کہا کہ  دھونکل میں حضرت سخی سرورؒ کی چلہ گاہ آج بھی آپ کی روحانی عظمت اور مجاہدۂ نفس کی روشن علامت ہے، جبکہ سوہدرہ میں آپ کے قیام کے تاریخی شواہد بھی موجود ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس خطے میں اسلام کی ترویج میں آپ کا کردار نہایت نمایاں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام نے تلوار کے بجائے اخلاق، کردار اور محبت کے ذریعے اسلام پھیلایا اور حضرت سخی سرور علیہ الرحمہ کی زندگی اسی عملی نمونے کا مظہر ہے۔ آپ نے ہمیشہ مخلوقِ خدا کی خدمت، مظلوم کی داد رسی اور اللہ تعالیٰ کی یاد کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔

ختمِ پاک کی محفل میں علما، مشائخ، مریدین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ ملک و قوم کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور خیر و برکت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button