آئی ٹی کی دنیا کا روشن ستارہ: ارفع کریم کو بچھڑے 14 برس بیت گئے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی مایہ ناز اور ہونہار بیٹی ارفع کریم کو دنیا سے رخصت ہوئے 14 برس گزر گئے، مگر ان کے کارنامے آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ارفع کریم نے کم عمری میں اپنی غیر معمولی ذہانت اور خداداد صلاحیتوں کے ذریعے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

1995ء میں فیصل آباد کے نواحی گاؤں چک 2 جے بی رام دیوالی میں پیدا ہونے والی ارفع کریم نے محض 9 برس کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل (MCP) کا امتحان پاس کر کے دنیا کو حیران کر دیا اور آئی ٹی کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔

2005ء میں مائیکرو سافٹ کارپوریشن نے ارفع کریم کو مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ ایپلی کیشن ڈیولپر کے اعزاز سے نوازا، جس کے بعد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے انہیں خصوصی طور پر امریکا مدعو کر کے ملاقات بھی کی، جو کسی بھی پاکستانی بچے کیلئے ایک غیر معمولی اعزاز تھا۔

ارفع کریم کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں فاطمہ جناح گولڈ میڈل، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اور پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد قومی اعزازات سے نوازا گیا۔ وہ دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل قرار پائیں۔

بدقسمتی سے یہ باصلاحیت ستارہ 14 جنوری 2012ء کو محض 16 برس کی عمر میں لاہور میں دنیا سے رخصت ہو گیا، تاہم ان کی علمی اور فکری میراث آج بھی نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہے۔

ارفع کریم کی خدمات کے اعتراف میں پنجاب حکومت نے لاہور کے آئی ٹی ٹاور کو ان کے نام سے منسوب کیا، جو اس عظیم بیٹی کی یاد اور کارناموں کا مستقل نشان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button