منفی سیاست کا ترقی سے کوئی تعلق نہیں، پنجاب اصلاحات اور جدت کی راہ پر گامزن ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ منفی سیاست کرنے والے عناصر کا ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت سے کوئی واسطہ نہیں، جبکہ پنجاب حکومت عملی اقدامات کے ذریعے صوبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے کے تمام اداروں میں جدید اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ تعلیم، صحت، زراعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق جامع منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب میں ٹیکنالوجی کے فروغ کو ترجیح دی ہے، جبکہ زرعی شعبہ جو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس میں پہلی بار حقیقی معنوں میں جدت اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی ہے۔ ان اصلاحات کے باعث آج پنجاب تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دیگر صوبوں سے نمایاں طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے طرزِ حکمرانی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک کامیاب اور وژنری ایڈمنسٹریٹر ہیں، اور دیگر صوبے پنجاب کے ترقیاتی ماڈل سے سیکھنے کے خواہشمند ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس، میرٹ اور شفافیت ایک رول ماڈل بن چکی ہے۔ مخالفین کو چاہیے کہ سیاسی شعبدہ بازی اور منفی بیانیے کے بجائے ترقی اور خوشحالی کے میدان میں مقابلہ کریں، کیونکہ منفی سیاست سے نہ عوام کو فائدہ ہوتا ہے اور نہ ہی ملک آگے بڑھتا ہے۔



