خالصتان تحریک کے رہنما پرم جیت سنگھ پما کو بھارتی ایجنٹوں سے سنگین خطرات، برطانوی میڈیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے) برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ خالصتان تحریک کے رہنما پرم جیت سنگھ پما کو بھارتی ایجنٹوں کی جانب سے سنگین خطرات لاحق ہیں، جس کے پیش نظر برطانوی انٹیلی جنس اداروں نے انہیں خصوصی حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں پرم جیت سنگھ پما کی مودی حکومت کے حامیوں سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی، جس کے بعد سکیورٹی خدشات میں مزید اضافہ ہوا۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق خطرات کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پرم جیت سنگھ پما اب لندن کے علاقے ساوتھ آل میں واقع اپنے گھر میں مقیم نہیں رہے، جبکہ انہیں اپنی موجودہ رہائش گاہ کے مقام کو خفیہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پرم جیت سنگھ پما، کینیڈا میں 2023 میں قتل ہونے والے خالصتانی رہنما ہردیپ سنگھ نجر اور سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ وہ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھی باقاعدگی سے شرکت کرتے رہے ہیں۔

پرم جیت سنگھ پما کا کہنا ہے کہ وہ کافی عرصے سے برطانوی پولیس کو موصول ہونے والی دھمکیوں سے آگاہ کرتے آ رہے تھے، تاہم ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد حکام نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا۔

واضح رہے کہ نجر کے قتل کے بعد اس وقت کے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی ایجنسیوں پر براہِ راست الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button