انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنا میرا مشن،پوری ٹیم ورلڈ کپ کیلئے پُرعزم ہے ، سمیر منہاس

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے باصلاحیت نوجوان بلے باز سمیر منہاس نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے کو اپنا مشن قرار دے دیا۔
انڈر 19 ایشیا کپ اور زمبابوے کے خلاف سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈز پر ریکارڈ قائم کرنے والے سمیر منہاس کا کہنا ہے کہ وہ 15 جنوری سے شروع ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کو چیمپئن بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
سمیر منہاس نے اپنے کرکٹ سفر کے حوالے سے بتایا کہ ان کی بنیاد اسٹریٹ کرکٹ سے پڑی جہاں سے انہوں نے کھیل کی بنیادی مہارتیں سیکھیں۔ نوجوان بیٹر کا کہنا تھا کہ ان کے والد اور بھائی نے کرکٹ کھیلنے کے لیے بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس کی بدولت وہ آج اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی بڑی کامیابی کے پیچھے ٹیم کا اتحاد سب سے اہم ہوتا ہے، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور ورلڈ کپ کے لیے پُرعزم نظر آتی ہے۔



