اسرائیل اور امریکا سےنمٹنے کیلئے تیار ہیں،12 روزہ جنگ کے مقابلے میں ایران آج زیادہ طاقتور ہے،ایرانی آرمی چیف

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے مقابلے میں ایران آج زیادہ طاقتور ہے۔
میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ 2025 میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والی جنگ ایرانی مسلح افواج کے لیے ایک ’منفرد اور غیر معمولی تجربہ‘ تھا، کیونکہ ایران واحد ملک ہے جس نے اسرائیل جیسے مغربی ٹیکنالوجی اور حمایت سے لیس ملک کے ساتھ اس پیمانے پر براہِ راست محاذ آرائی کی۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق امیر حاتمی نے کہا کہ 12 روزہ جنگ کے بعد گزشتہ 6 ماہ کے دوران کی گئی تیاریوں سے ایران کو اسرائیل اور امریکا کی جانب سے لاحق خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت حاصل ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس ہونے والی ایران اسرائیل جنگ کے دوران اسرائیل نے ایران کے شہروں پر تباہ کن حملے کیے جبکہ ایران نے بھی مسلسل جوابی کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں اسرائیل میں متعدد مقامات کو نقصان پہنچا، اس دوران امریکا نے بھی ایران کے اندر 3 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایران میں جاری مظاہروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن پر تہران کے خلاف ’انتہائی سخت‘ اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔



