محمد مسعود چشتی پاکستان بار کونسل کے نائب چیئرمین منتخب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان بار کونسل کے 248 ویں اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے محمد مسعود چشتی 15 ووٹ حاصل کر کے 2026 کیلئے پاکستان بار کونسل کے نائب چیئرمین جبکہ منیر احمد ملک کراچی سے چیئرمین ایگزیکٹوکمیٹی پاکستان بار کونسل منتخب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان بار کونسل کے 248 ویں اجلاس کی صدارت اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان نے بطور چیئرمین کی جس دوران نائب چیئرمین کیلئے خفیہ رائے شماری کی گئی۔
پاکستان بار کے جاری اعلامیے کے مطابق محمد مسعود چشتی کو 2026 کیلئے پاکستان بار کونسل کا نائب چیئرمین اورمنیراحمد ملک کو کراچی سے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل منتخب کر لیا گیا ۔ محمد مسعود چشتی نے 15 ووٹ حاصل کیئے جبکہ قاضی محمد ارشد کو 8 ووٹ ملے ۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان بار کونسل نے لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خلاف کردار کشی مہم کی مذمت کی ، عدلیہ کی آزادی، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ۔



