سکھر: محکمہ خوراک میں 6 ارب روپے کے میگا کرپشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ گرفتار

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ خوراک قمبر شہدادکوٹ میں مبینہ 6 ارب روپے کے میگا کرپشن ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت سکھر میں ہوئی، جہاں عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نصراللہ چانڈیو اور ڈی ایف سی الطاف مگسی کی ضمانتیں مسترد کر دیں۔

احتساب عدالت کے جج غلام یاسین کولاچی نے ضمانت مسترد ہونے پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نصراللہ چانڈیو کو کمرۂ عدالت سے گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

عدالت میں نیب پراسیکیوٹر، ملزمان کے وکلا اور متعلقہ فریقین پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریفرنس کیس کی مزید کارروائی 20 جنوری تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ نیب کی جانب سے محکمہ خوراک قمبر شہدادکوٹ میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن سے متعلق ریفرنس دائر کیا گیا ہے، جس میں اعلیٰ افسران سمیت متعدد افراد نامزد ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button