نامور شاعر، ادیب اور مصنف رمضان میمن کی کتاب “پتنگن پھ کیا” کی تقریبِ رونمائی

ٹھٹھہ ( رپورٹ جاوید لطیف میمن جانو/ پی کے )نامور شاعر، ادیب اور مصنف رمضان میمن کی کتاب “پتنگن پھ کیا” کی تقریبِ رونمائی مکلی میں منعقد کی گئی، جس میں ادیبوں، شاعروں اور لکھاریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھی زبان کے نامور شاعر اور سندھی ادبی سنگت کے سابق سیکریٹری جنرل احمد سولنگی نے کہا کہ “پتنگن پھ کیا” مختلف علمی، ادبی، سیاسی اور سماجی شخصیات پر تحریر کیے گئے ادبی خاکوں کا مجموعہ ہے، جن میں مصنف نے ان شخصیات کے فکر، کردار، جدوجہد اور انسانی پہلوؤں کو سادہ، مؤثر اور احساس سے بھرپور زبان میں پیش کیا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان شخصیات کا معاشرے میں کیا کردار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میمن نے روایتی خاکے تحریر نہیں کیے بلکہ افسانوی انداز میں ان شخصیات کے کام اور جدوجہد کا شاندار تجزیہ بھی پیش کیا ہے۔ ان کی نثری زبان خوبصورت اور ادبی رنگ سے بھرپور ہے، ان کے پاس الفاظ کا وسیع ذخیرہ ہے اور اس تخلیقی کاوش پر انہیں داد دیے بغیر نہیں رہا جا سکتا۔
نامور کالم نگار اور مصنف محمد خان ابڑو نے کہا کہ رمضان میمن نے خاکوں کے ذریعے شخصیات کو محض تعارف تک محدود نہیں رکھا بلکہ ان کی اندرونی کیفیت، سماجی کردار اور فکری شناخت کو بھی اجاگر کیا ہے، جو عمدہ خاکہ نگاری کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کتاب پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ “پتنگن پھ کیا” سندھی نثری ادب میں ایک اہم اضافہ ہے، جو قارئین کو کئی زندہ شخصیات سے فکری سطح پر جوڑتا ہے۔
تقریب سے علی محمد پرویز، خالد راجپر، خیر محمد کوی، نور سرائی، صوفی ذوالفقار علی قادری، محبوب بروہی، اقبال شاہین، محمد بارن، ایاز امرشیخ، ڈاکٹر منیر جعفرانی، اسماعیل میمن، گل بی بی شاہ، حمید مہرانوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مصنف کی نثر، مشاہدے اور پیشکش کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان میمن نے ان کرداروں پر قلم اٹھایا ہے جن کا سماجی اتار چڑھاؤ میں اہم کردار رہا ہے، اور یہ کتاب ان شخصیات کے کردار کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
آخر میں کتاب کے مصنف رمضان میمن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کے ذریعے شخصیات کو ادبی انداز میں محفوظ کرنا ان کی کوشش ہے تاکہ آنے والی نسلوں تک ان کا فکری ورثہ پہنچ سکے۔
اس موقع پر فیض سمیجو، انور آرزو اور غلام علی بھٹی نے ترنم میں گیت بھی پیش کیے۔
کتاب “پتنگن پھ کیا” کے مصنف رمضان میمن نے دیگر شخصیات کے ساتھ ساتھ ٹھٹھہ کے سینئر جفا کش صحافی محمد ایوب ملاح کی شخصیت پر بھی روشنی ڈالی ہے، جو اپنے قلمی جہاد کے ذریعے مظلوم لوگوں کی آواز کو ایوانِ بالا تک پہنچاتے ہیں اور یقیناً داد کے مستحق ہیں۔



