قائد حزبِ اختلاف کی تقرری پر اتفاق، محمود خان اچکزئی اپوزیشن لیڈر ہوں گے

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاقِ رائے ہو گیا ہے، جس کے تحت محمود خان اچکزئی ہی متحدہ اپوزیشن کے قائد ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی متحدہ اپوزیشن کے واحد امیدوار ہیں اور ان کے مقابلے میں کسی اور امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔ اسپیکر قومی اسمبلی قانونی ضابطے پورے کرکے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے وفد، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، اسد قیصر اور چیف وہپ ملک عامر ڈوگر شامل تھے، نے مطلوبہ دستاویزات اسپیکر آفس میں جمع کرا دیں۔
پی ٹی آئی چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بتایا کہ سپریم کورٹ اور قومی اسمبلی کی ہدایات کے مطابق تمام تقاضے پورے کرکے اپڈیٹڈ لسٹ اسپیکر قومی اسمبلی کو فراہم کر دی گئی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن اسپیکر کی صوابدید ہے، تمام قانونی تقاضے مکمل ہو چکے ہیں اور اب مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کے تقرر کے بعد سینیٹ میں بھی اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے گا۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے اسپیکر آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جمعرات تک اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے گا، کاغذات جمع ہو چکے ہیں اور دستخطوں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں اور عمران خان چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے۔
دریں اثنا، ملک عامر ڈوگر نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے حوالے سے اسپیکر سردار ایاز صادق کو باضابطہ خط بھی ارسال کیا، جس میں کہا گیا کہ اپوزیشن کی اکثریت محمود خان اچکزئی کو متفقہ طور پر قائد حزبِ اختلاف نامزد کر چکی ہے اور قومی اسمبلی رولز آف پروسیجر 2007 کے رول 39 کے تحت فوری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔



