صومالیہ نے متحدہ عرب امارات کے تمام معاہدے منسوخ کر دیے

موغادیشو (مانیٹرنگ ڈیسک) صومالیہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ موجود تمام معاہدے منسوخ کر دیے ہیں، جن میں بندرگاہوں، دفاع اور سکیورٹی تعاون سے متعلق معاہدے بھی شامل ہیں۔

صومالیہ حکومت کے مطابق یہ فیصلہ یو اے ای کی جانب سے ملک کی خودمختاری اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کی نشاندہی کرنے والے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس قابلِ اعتماد رپورٹس موجود ہیں جو یو اے ای کے بعض اقدامات کی وجہ سے صومالیہ کی ریاستی خودمختاری اور اتحاد کمزور ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔

صدر حسن شیخ محمود نے اس غیر معمولی فیصلے پر پارلیمنٹ کے ہنگامی مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، جس میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یو اے ای اور صومالیہ کے درمیان سابقہ معاہدوں میں بندرگاہوں کے انتظام، دفاعی تعاون اور سکیورٹی اقدامات شامل تھے۔ ابھی تک متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم مبصرین کے مطابق یہ اقدام خطے کی سیاست اور بحری تجارت پر دور رس اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button