ٹرمپ ضرورت پڑنےپرایران کیخلاف فوجی طاقت کے استعمال سے نہیں ہچکچائیں گے : وائٹ ہاؤس

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے پر ضرورت پڑنے پر فوجی طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریں گے۔
فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کیرولین لیوٹ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ سفارتکاری کو اولین ترجیح دیتے رہے ہیں، تاہم اگر وہ ضروری سمجھیں تو فوجی طاقت کے استعمال سے نہیں ہچکچائیں گے اور اس حقیقت سے ایرانی حکومت بخوبی آگاہ ہے۔
وائٹ ہاؤس ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ آئندہ کیا قدم اٹھائیں گے، اس کا علم صرف انہیں ہی ہے۔
کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ایرانی حکومت کے عوامی اور نجی سطح پر دیے جانے والے پیغامات میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت عوامی طور پر کچھ اور مؤقف اختیار کرتی ہے، جبکہ نجی طور پر امریکا اور ٹرمپ انتظامیہ کو مختلف پیغامات بھیج رہی ہے۔
تاہم وائٹ ہاؤس ترجمان نے ان نجی بات چیت کی نوعیت کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔



