لاہور میں بسنت کی تیاریاں عروج پر، شہر بسنتی رنگوں میں سجانے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں بسنت کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، شہر کو بسنتی رنگوں سے سجانے کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ای بز پورٹل پر پتنگ فروشوں، مینوفیکچررز اور ٹریڈرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
ای بز پورٹل رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 993 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 650 منظور کر لی گئیں، 58 درخواستیں مسترد جبکہ 284 درخواستوں کا فیلڈ سروے جاری ہے۔ پتنگ اور ڈور کی فروخت کے لیے 530 درخواستوں میں سے 340 منظور کی گئیں، جبکہ 218 پتنگ سازوں کو پتنگ اور ڈور بنانے کی اجازت دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق لاہور کی 23 اہم شاہراہوں کو بسنتی رنگوں سے سجایا جائے گا۔ راوی ٹول پلازہ، جی ٹی روڈ، پائن ایونیو، نیازی انٹرچینج، آزادی چوک، سرکلر گارڈن، شاہراہ قائداعظم، شادمان اور ایم ایم عالم روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر بسنت کی بہار نظر آئے گی۔
بسنت کے موقع پر ساؤنڈ سسٹم ایکٹ میں بھی نرمی کی جائے گی، جس کے تحت شہری پتنگ بازی کے ساتھ بلند آواز موسیقی سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ پتنگ اور ڈور سازوں کو 30 دسمبر سے تیاری جبکہ پتنگ فروشوں کو یکم فروری سے فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے۔



