تھرپارکر: ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس، پولیو مہم 2 فروری سے شروع، 3 لاکھ 15 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا منصوبہ

مٹھی (رپورٹ:میندھرو کاجھروی) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع تھرپارکر میں پولیو مہم 02 فروری 2026 سے شروع ہو رہی ہے، تھرپارکر میں شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیو مہم کے کام کو یونین کونسل کی سطح تک مانیٹر کیا جائے گا، تاکہ ہم اپنے معصوم بچوں کو پولیو جیسی موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران تھرپارکر کی داخلی اور خارجی سڑکوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تھرپارکر کی داخلی اور خارجی سڑکوں کی چیک پوسٹوں پر پولیس اور پولیو ورکرز کو تعینات کیا گیا ہے جو دن رات کام کریں گے۔ پولیو مہم کے دوران 100 فیصد کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے تمام سرکاری افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اداروں کے تمام سرکاری افسران اس قومی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ پولیو مہم کو مکمل طور پر کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر بھرت کمار نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت تھرپارکر کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تھرپارکر میں پانچ سال تک کی عمر کے 315,594 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ تھرپارکر میں پولیو کے قطرے پلانے کے لیے 1251 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ ضلع تھرپارکر میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین تھرپارکر ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر پرتھوی راج، تمام تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختارکار، تعلیم، پولیس، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، تھر فاؤنڈیشن اور محکمہ صحت تھرپارکر سمیت تمام متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button