سندھ حکومت کا کسانوں کیلئے بڑا اقدام: سورج مکھی اور کینولا کی فصل پر مالی معاونت کا اعلان

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ حکومت نے زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی معاشی بہبود کے لیے مزید اہم قدم اٹھاتے ہوئے سورج مکھی اور کینولا کی فصلیں کاشت کرنے والے کسانوں کو مالی معاونت دینے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ زراعت کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وہ آبادگار جو اپنی زمینوں پر سورج مکھی یا کینولا کی کاشت کریں گے اور جن کی زمین 1 سے 20 ایکڑ تک ہے، انہیں فی ایکڑ 5 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی حکومت سندھ کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف تیل دینے والی فصلوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک میں خوردنی تیل کی قلت میں کمی آئے گی اور قیمتوں میں بھی استحکام پیدا ہوسکے گا۔ زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج مکھی اور کینولا کم پانی اور کم خرچ میں کاشت کی جانے والی فصلیں ہیں جو کاشتکاروں کے لیے منافع بخش اور ملکی معیشت کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتی ہیں زرعی توسیع محکمے کے مطابق مالی معاونت حاصل کرنے کے لیے آبادگاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی تفصیلات کے ساتھ محکمہ زراعت میں رجسٹریشن کروائیں، جبکہ رقم باقاعدہ طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قدم زرعی خودکفالت کے حصول، کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی اور زرعی شعبے میں نئے مواقع کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا اسی سلسلے میں تعلقہ شہید فاضل راہو میں ہاریوں کی آگاہی کے لیے محکمہ زراعت بدین کی جانب سے ایک سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ٹیکنیکل/پراجیکٹ ڈائریکٹر (تیلی فصل) محکمہ زرعی توسیع سندھ حیدرآباد خدا بخش کلوڑ، ایڈیشنل ڈائریکٹر زرعی توسیع بدین رمیش کمار، ڈائریکٹر آئل سیڈ ریسرچ ابرار حسین، پلا بھیننگ آفیسر سندھ حیدرآباد صدام حسین پیرزادہ، انیس احمد راہموں، ریحان، گل نواز شاہ، عبد الواحد نظاماڻي، شمس الدین میمن سمیت متعلقہ افسران اور بڑی تعداد میں ہاری و آبادگار شریک ہوئے



