کراچی میں منشیات فروشوں کی شامت آگئی

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ روہڑی سرکل نے کندرا روڈ اور جیل روڈ پر دو علیحدہ علیحدہ کاروائیوں میں لاکھوں روپے مالیت کی 49 کلوگرام چرس برآمد کرکے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا اور دو گاڑیاں ضبط کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ روہڑی سرکل کی ٹیم نے کندرا روڈ پر کاروائی کے دوران کار نمبر BSB-978 سے 24 کلوگرام چرس برآمد کرکے تین ملزمان اویس احمد ولد غلام مصطفی، وسیم احمد ولد سلیمان سرکی اور محمد اطہر ولد سکندر سرکی گرفتار کیا جبکہ جیل روڈ روہڑی پر کاروائی میں کار نمبر BYR-805 سے 25 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم اسلام خان ولد محمد عثمان کو گرفتار کیا۔ صوبائی وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ نے نارکوٹکس کنٹرول ونگ روہڑی سرکل کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے منشیات فروشوں و اسمگلروں کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔



