عمران خان کی کال پر ہر اقدام کے لیے تیار ہیں، کسی کو بلاجواز جیل میں رکھنے نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پارٹی کارکنوں کو احتجاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان جیسا حکم دیں گے، ہم ویسا ہی کریں گے اور کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ ہمارے لیڈر کو بلاجواز جیل میں رکھا جائے۔

نمائش چورنگی پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں ان کی جماعت کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا، تاہم اس کے باوجود تحریک انصاف کا اگلا پڑاؤ خیبرپختونخوا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے عمران خان کا پیغام ملک بھر میں پہنچایا جائے گا۔ سندھ اور خصوصاً کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام نے گھروں سے نکل کر ثابت کر دیا ہے کہ قوم آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، وہ آج کے جلسے کو دیکھ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ایک کال پر عوام سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں اور کراچی کے عوام نے ثابت کر دیا کہ بغیر سہولیات کے بھی بڑا جلسہ ممکن ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومتِ سندھ نے جلسے میں رکاوٹیں ڈالیں، مگر عوام نے تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسے کو کامیاب بنایا۔ ان کے مطابق آج کے اجتماع نے ثابت کر دیا ہے کہ کراچی کی نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جو لوگ خود کو جمہوریت کا علمبردار کہتے تھے، وہ جمہوریت پسند ثابت نہیں ہوئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت سندھ نے سندھی ٹوپی اور اجرک کی بے حرمتی کی ہے، جسے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے دیگر قوتوں کے ساتھ مل کر آئین کے ڈھانچے کو تبدیل کیا اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی ڈکٹیٹرشپ قائم ہے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ عوام ڈی چوک جانے کے لیے تیار ہیں اور صرف عمران خان کی کال کا انتظار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اسی جذبے اور جنون کے ساتھ تیار رہنا ہوگا، کیونکہ کسی کو عوامی حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہونے والی فسطائیت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور تحریک انصاف کا راستہ کسی صورت نہیں روکا جا سکتا۔

مزید خبریں

Back to top button