فلم ’دھرندھر‘ میں دکھایا گیا کراچی اور لیاری کہاں فلمایا گیا؟ حیران کن انکشافات سامنے آ گئے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) رنویر سنگھ اور اکشے کھنہ کی بلاک بسٹر اسپائی تھرلر فلم ’دھرندھر‘ نہ صرف اپنی طاقتور کہانی، شاندار مکالموں اور جاندار اداکاری کے باعث سرخیوں میں ہے بلکہ فلم کی شوٹنگ لوکیشنز بھی شائقین کے لیے ایک معمہ بنی ہوئی تھیں، خاص طور پر فلم میں دکھایا گیا کراچی اور لیاری۔

ناظرین کی جانب سے بار بار یہ سوال کیا جا رہا تھا کہ فلم میں دکھائے گئے یہ مناظر حقیقت میں کہاں فلمائے گئے؟ اب اس حوالے سے دلچسپ تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

ہدایت کار آدتیہ دھر کی اس میگا بجٹ فلم نے صرف 35 دنوں میں دنیا بھر سے 1,233 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کر کے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا، حالانکہ خلیجی ممالک میں اس فلم پر پابندی بھی عائد رہی۔ اس غیر معمولی کامیابی کے پیچھے جہاں مضبوط اسکرپٹ اور اداکاری کا کردار ہے، وہیں فلم کی سوچ سمجھ کر منتخب کی گئی لوکیشنز نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

فلم کی شوٹنگ کا آغاز جولائی 2024 میں بنکاک (تھائی لینڈ) سے ہوا، جہاں پاکستان کے شہری علاقوں کی عکاسی کے لیے سرویلنس اور ہائی اوکٹین چیز سیکوئنس فلمائے گئے۔ رپورٹس کے مطابق سیٹس کو اس مہارت سے ڈیزائن کیا گیا کہ وہ پاکستانی شہروں سے مشابہ دکھائی دیں اور کہانی کا سسپنس برقرار رہے۔

ناظرین کو چونکا دینے والا انکشاف یہ ہے کہ فلم میں دکھایا گیا کراچی اور لیاری کا ساحلی ماحول دراصل ممبئی کے مادھ آئی لینڈ میں تخلیق کیا گیا۔ تنگ گلیاں، عمارتوں کی بناوٹ اور مخصوص کیمرہ اینگلز نے لیاری کا ایسا حقیقی تاثر دیا کہ شائقین حقیقت اور فلم میں فرق نہ کر سکے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں رنویر سنگھ کا مشہور مکالمہ’’اگر تم لوگوں کے پٹاخے ختم ہو گئے ہوں تو میں دھماکے شروع کروں‘‘فلمایا گیا۔

فلم کے متعدد اہم اندرونی مناظر فروری 2025 میں فلمستان اسٹوڈیوز میں عکس بند کیے گئے، جو فلم کا مرکزی پروڈکشن بیس رہا۔ ایکشن اور ٹرانزیشن سینز کو حقیقت کے قریب رکھنے کے لیے ڈومبیولی کے منکولو برج کو تقریباً اصل حالت میں استعمال کیا گیا، جہاں انڈسٹریل ماحول نے چیز سیکوئنس کو مزید مؤثر بنا دیا۔

پنجاب کے شہر امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کے اطراف جذباتی مناظر نہایت احترام اور احتیاط کے ساتھ فلمائے گئے، جبکہ لدھیانہ کے کھیڑا گاؤں کو پاکستان کے ایک دیہی علاقے میں تبدیل کر کے یادوں اور جذبات سے بھرپور سین فلمائے گئے۔

فلم کا سب سے مشکل مرحلہ لداخ میں پیش آیا، جہاں اگست 2025 میں سخت موسمی حالات اور بلند پہاڑی علاقوں کے باوجود شوٹنگ مکمل کی گئی۔ پتھر صاحب جیسے ویران اور سرد مقامات نے فلم کی کہانی میں تنہائی، جدوجہد اور خطرے کے احساس کو مزید گہرا کر دیا۔

دلچسپ طور پر فلم کے سنجیدہ اور سنسنی خیز ماحول کے بیچ رنگ اور توانائی سے بھرپور گانے کی شوٹنگ پارلے کی گولڈن ٹوبیکو فیکٹری میں کی گئی، جہاں شاندار رقص اور موسیقی نے ناظرین کو ایک بالکل مختلف اور یادگار تجربہ فراہم کیا۔

مزید خبریں

Back to top button