فاسٹ بولر شاہنواز داہانی کا کرکٹ میدان میں "ہوجمالو” رقص وائرل

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو / نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کے معروف فاسٹ بولر شاہنواز داہانی کا ڈومیسٹک کرکٹ میچ کے دوران شاندار کیچ لینے کے بعد روایتی سندھی رقص کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جسے شائقینِ کرکٹ کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک میچ میں شہزاد کی گیند پر بیٹسمین شاہد کا ایک مشکل کیچ پکڑنے کے بعد شاہنواز داہانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میدان میں دونوں ہاتھ فضا میں بلند کر کے روایتی سندھی انداز میں رقص کیا۔ اس یادگار لمحے کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔

ویڈیو کے پس منظر میں سندھ کے معروف لوک گلوکار جلال چانڈیو کا عالمی شہرت یافتہ گیت "ہوجمالو” شامل کیا گیا، جس نے ویڈیو کو مزید دلکش بنا دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ کلپ وائرل ہو گیا۔ لاڑکانہ سمیت ملک بھر اور بیرونِ ملک کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اس ویڈیو کو پسند کر رہی ہے۔

شاہنواز داہانی کی فیس بک پر شیئر کی گئی اس ویڈیو پر مداحوں نے بھرپور ردِعمل دیا اور ان کی فیلڈنگ کے ساتھ ساتھ مجموعی بولنگ کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، "بھلی کرے آئیں ادا شاہنواز” جبکہ ایک اور صارف نے لکھا، "ہم آپ کو پی ایس ایل میں نئی حیدرآباد ٹیم کا کپتان دیکھنا چاہتے ہیں”۔

مزید خبریں

Back to top button