عوام پر امن رہیں،ہنگامہ آرائی کے پیچھے امریکا اور اسرائیل!ایرانی صدرپھٹ پڑے

تہران(جانو ڈاٹ پی کے)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نےعوام سے پر امن رہنے کی اپیل کردیا۔ان کا کہنا ہے ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کے پیچھے امریکا اور اسرائیل ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سرکاری نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ اگر لوگوں کو تحفظات ہیں تو ان کو دور کرنا ہماری ذمہ داری ہے لیکن اس سے بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم کسی انتشاری گروپ کو اجازت نہ دیں کہ وہ آئے اور پورے ملک کو خراب کرے۔
نوجوانوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ وہ ان ہنگامہ آرائی کرنے والوں اور دہشت گردوں کے دھوکے میں مت آئیں اور ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس ہنگامہ آرائی میں شامل ہونے سے روکیں، ہم خبردار کر رہے ہیں یہ لوگ تربیت یافتہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کے دشمنوں نے ملک کے اندر اور باہر دونوں جگہ لوگوں کے ایک گروپ کو تربیت فراہم کردی ہے تاکہ وہ سرکاری اور نجی املاک کو تباہ کرے اور شہریوں کو قتل کرے۔
صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن نے تربیت یافتہ دہشت گردوں کو ملک میں اتار دیا ہے، ہنگامہ آرائی کرنے والے اور شرپسند احتجاج کرنے والے لوگ نہیں ہیں، ہم احتجاج کرنے والوں کو سن رہے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔



