پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کے درمیان مشترکہ بحری مشق

پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں کی عمان میں شاندار پورٹ کال

مسقط(جانو ڈاٹ پی کے)پاک بحریہ کے جہاز راہ نورد، مددگار اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر نے پورٹ سلطان قابوس، مسقط، عمان کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر عمانی حکام نے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران مشن کمانڈر کموڈور عامر اقبال نے کمانڈنگ آفسرز کے ہمراہ عمان کی بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں رائل نیوی آف عمان کے قائم مقام کمانڈر، ڈی جی آپریشنز اینڈ پلانز، کمانڈر میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر، کمانڈر سید بن سلطان نیول بیس اور کمانڈنٹ سلطان قابوس نیول اکیڈمی شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، بحری افواج کے مابین روابط اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رائل نیوی آف عمان کے آفسرز اور مڈ شپ مین نے پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا اور افسران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر گفت و شنید کی۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران عمان کے عسکری حکام اور عام شہریوں نے بھی جہازوں کا دورہ کیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان اسکول مسقط کے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دورے کے بعد پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے رائل نیوی آف عمان کے جہاز خصب (KHASAB) کے ساتھ مشترکہ بحری مشق کی۔ اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنا اور مشترکہ مشقوں کے ذریعے سیکھنے کے مواقع کو فروغ دینا تھا۔

پاکستان اور عمان سمندری پڑوسی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ حکام کے تبادلے، بحری جہازوں کی پورٹ کالز اور مشترکہ مشقیں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں۔ اس دورے سے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button