ایران کا ٹرمپ کو سخت انتباہ، امریکی حملے کی صورت میں اسرائیل اور امریکی اڈے نشانہ بنانے کا اعلان

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی امریکی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جس میں اسرائیل اور خطے میں قائم امریکی فوجی اڈے جائز اہداف ہوں گے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا نے ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ کیا تو ایران جوابی کارروائی میں اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ادھر ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے خدشات کے پیشِ نظر اسرائیل نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں مداخلت کی بار بار دھمکیوں اور ایرانی حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کرنے کے بعد اسرائیلی سیکیورٹی اداروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ایران ایسی آزادی کی طرف بڑھ رہا ہے جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، اور امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور بعض شہروں میں عوام کے کنٹرول کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں امریکا کی ممکنہ مداخلت کے خدشے کے باعث اسرائیل نے اپنے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ ایک اسرائیلی ذریعے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں ایران کی صورتحال اور ممکنہ امریکی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم امریکی حکام نے گفتگو کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

مزید خبریں

Back to top button