بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بھارت میں ویزا سروسز معطل کر دیں، آئی پی ایل کی نشریات اور میچز پر پابندی

ڈھاکا(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان تعلقات میں حالیہ دنوں کے دوران تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کو بنیاد بناتے ہوئے بھارت کے خلاف متعدد سفارتی اور انتظامی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ کے مشیر ایم توحید حسین نے نئی دہلی، کولکتہ اور اگرتلہ میں قائم اپنے تین اہم سفارتی مشنز میں ویزا خدمات معطل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ اقدامات حالیہ کشیدگی، خاص طور پر بنگلہ دیشی نوجوان کارکن عثمان ہادی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیشِ نظر کیے گئے ہیں۔
مزید برآں، امریکی جریدے فارن پالیسی کے مطابق بنگلہ دیش نے بھارتی سیاسی اور علاقائی مداخلت کے ردِعمل میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نشریات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ علاوہ ازیں، سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے آئندہ ورلڈ کپ میں بھارت میں میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بنگلہ دیشی حکام کا موقف ہے کہ بھارت طویل عرصے سے ملک کی داخلی سیاست اور خارجہ پالیسی میں مداخلت کرتا رہا ہے، جس سے دوطرفہ تعلقات متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی، سرحدی تنازعات اور سیاسی اختلافات نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی قوانین اور امن کے لیے بھی چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔



