امریکا اور اتحادی افواج کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر حملے

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور اس کی اتحادی افواج نے شام میں داعش کے اہداف پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں۔
سینٹ کام کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ہفتے کے روز یہ کارروائیاں کی گئیں، جو آپریشن "ہاک آئی سٹرائیک” کا حصہ ہیں۔ یہ آپریشن گزشتہ ماہ شام میں امریکی فوج پر ہونے والے حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 13 دسمبر کو شام کے شہر پالمیرا میں داعش کے حملے میں دو امریکی فوجی اور ایک امریکی شہری مترجم ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد امریکا نے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔
سینٹ کام کے مطابق یہ حملے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور خطے میں امریکی و اتحادی افواج کے تحفظ کے لیے کیے گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہمارا پیغام واضح ہے، اگر کسی نے ہمارے اہلکاروں کو نقصان پہنچایا تو ہم اسے دنیا میں کہیں بھی تلاش کر کے انجام تک پہنچائیں گے۔
سینٹ کام کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران 35 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، 90 سے زیادہ حملے کیے گئے اور کارروائی میں 20 طیاروں نے حصہ لیا۔ تاہم حملوں کے مقامات اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔



