شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، سلنڈر دھماکے سے دلہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) آبپارہ کے علاقے جی سیون ٹو میں شادی کی تقریب کے دوران گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سلنڈر دھماکا اس قدر شدید تھا کہ شادی کے گھر کی عمارت گر گئی اور ملبے تلے دب کر متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی اور رات تقریباً دو بجے بارات کے پہنچنے کے کچھ دیر بعد اچانک گیس سلنڈر دھماکا ہوا، جس کے باعث قریبی 4 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھماکے کے بعد متاثرہ گھروں سے مجموعی طور پر 15 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں سے 6 افراد جانبر نہ ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گیس لیکیج کے باعث پیش آیا۔

انتظامیہ کے مطابق 10 زخمی افراد کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہسپتال کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور ریسکیو اداروں نے موقع پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button