ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا کے انتخابات 2026: ملک رمیز سلطان فاروقہ صدر منتخب، جنرل سیکرٹری خاور جاوید چیمہ کامیاب

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا کے سال 2026 کے انتخابات کے نتائج جاری کر دیے گئے، جس کے مطابق وکلاء برادری نے واضح اکثریت کے ساتھ اپنی نئی قیادت کا انتخاب کر لیا ہے۔
انتخابی نتائج کے مطابق ملک رمیز سلطان فاروقہ نے 1230 ووٹ حاصل کر کے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ان کے مدِمقابل بیرسٹر حسن داسگیر کچھیلا 815 ووٹ حاصل کر سکے۔ اس عہدے پر 13 ووٹ مسترد ہوئے۔
نائب صدر کے عہدے پر شاہدہ شاہین خان کامیاب قرار پائیں جنہوں نے 1076 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ماہر ثناء اللہ وائیں کو 917 ووٹ ملے، اس دوران 58 ووٹ مسترد ہوئے۔
جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ہونے والے مقابلے میں خاور جاوید چیمہ نے 1201 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ رضوان اسلم بھٹہ کو 849 ووٹ ملے، اس نشست پر 7 ووٹ مسترد ہوئے۔
جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر امیر سلطان خان بلا مقابلہ منتخب ہوئے، اسی طرح کوثر جلال فنانس سیکرٹری اور زغم عباس لائبریری سیکرٹری کے عہدوں پر بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے۔
ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے علت حسین الفت، طارق نعیم، سامعہ مغل، نوشابہ منور، حبیب اللہ، محمد ثاقب طارق، رئیس عالم، علی حسن رضا اللہ، غلام فاطمہ اور محمد ایوب راشد منتخب ہوئے، جنہیں بھی بلا مقابلہ کامیابی حاصل ہوئی۔
الیکشن بورڈ کے مطابق انتخابات میں کل 2793 ووٹ رجسٹرڈ تھے جن میں سے 2060 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔ انتخابات کا انعقاد شفاف، پرامن اور جمہوری ماحول میں مکمل کیا گیا۔
نومنتخب عہدیداران نے کامیابی کے بعد وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بار کے وقار، وکلاء کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کی بالادستی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کو وکلاء برادری میں جمہوری عمل کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔



