ایران میں جاری خونی مظاہروں کےدوران پاسدارانِ انقلاب کا اسرائیلی جاسوس کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ملک گیر مظاہروں کے دوران امن عامہ کی کوششوں کے دوران ایک کارروائی میں اسرائیلی جاسوس کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت اعلیٰ حکام متعدد بار دعویٰ کرچکے ہیں کہ حالیہ مظاہروں میں غیرملکی ہاتھ ملوث ہوسکتا ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس ونگ نے ایک غیر ملکی شہری کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
تاحال گرفتار جاسوس کی قومیت اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پر حساس معلومات اکٹھی کر کے اسرائیلی اداروں کو فراہم کرنے میں ملوث تھا۔
یاد رہے کہ یہ گرفتاری ایسے وقت سامنے آئی جب ایران میں 28 دسمبر سے مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیروزگاری کے خلاف شروع ہونے والے مظاہروں نے شدت اختیار کرلی ہے۔
ادھر اٹارنی جنرل نے خبردار کیا ہے کہ مظاہرہ کرنے والے فسادی دشمنِ خدا ہے جن کے لیے قانون میں سزائے موت موجود ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں جاری مظاہروں میں اب تک 50 کے قریب ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ 250 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔



