آزاد عدلیہ کی بحالی اور حقیقی آزادی کیلئے پوری استقامت کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں،وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہماری جہدوجہد کسی کسی فرد یا جماعت کیلیے نہیں بلکہ جمہوریت کی مضبوطی کیلیے ہے اور حقیقی آزادی کیلیے پوری استقامت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ تین روزہ دورہ سندھ کے سلسلے میں دوسرے روز کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن سے قافلے کے ہمراہ حیدرآباد روانہ ہوئے جہاں راستے میں انہوں نے سیاسی شخصیت زین شاہ سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے جامشورو اور سپرہائی وے پر عوام سے خطاب بھی کیا بعد ازاں وہ حیدآباد ہائیکورٹ میں منعقد ہونے والے کنونشن میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جس میں وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔

حیدرآباد ہائی کورٹ میں وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم ظلم کے خلاف، آزاد عدلیہ کی بحالی اور حقیقی آزادی کے لیے پوری استقامت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر جعلی حکمرانوں کو ملک پر مسلط کیا گیا، جس سے جمہوری اقدار کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت قائم ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہماری جدوجہد کسی فرد یا جماعت کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت کو مضبوط بنانے، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحفظ کی بنیادی  ذمہ داری وکلاء برادری پر عائد ہوتی ہے، اور موجودہ حالات میں یہ ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button