سکھر: شدید دھند کے باعث قومی شاہراہ پر 5 گاڑیوں میں تصادم، متعدد افراد زخمی

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) سکھر کے علاقے روہڑی کی حدود پیالہ ہوٹل کے قریب قومی شاہراہ پر شدید دھند کے باعث ٹریفک کا بڑا حادثہ پیش آیا، جہاں دو ٹرالر، ایک ٹرک اور دو مسافر کوچوں سمیت مجموعی طور پر پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے، جن میں مسافر اور ڈرائیور شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق دھند (فوگ) کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ ڈرائیوروں کو سامنے کا راستہ نظر نہ آیا جس کے باعث یہ تصادم پیش آیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور ایدھی کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی تعلقہ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس نے حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے اور گاڑیوں کو سڑک سے ہٹا کر آمدورفت بحال کر دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی تاہم زخمیوں کی تعداد اور حالت کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

پولیس نے شہریوں اور ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، رفتار کم رکھیں اور حفاظتی فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button