احتجاج کے دوران مظاہرین کو قتل کیا گیا تو ایران کو بہت سخت جواب دیں گے، ٹرمپ کی وارننگ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی صورت میں ایک بار  پھر ایران کو سخت وارننگ دیدی۔

امریکی صدر نے ایک انٹر ویو کے دوران متنبہ کیا کہ اگر احتجاج کے دوران مظاہرین کو قتل کیا گیا تو وہ ایران کو بھرپور اور بہت سخت جواب دیں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایران کو  واضح طور  پر بتا دیا ہے کہ اگر لوگوں کو قتل کرنا شروع کیا، جیسا کہ وہ عموماً کرتے ہیں، تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

انٹرویو کے دوران جب میزبان نے کہا کہ مظاہروں میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں تو صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ  بعض اموات بھگدڑ کے باعث بھی ہوئیں اور  ضروری نہیں کہ یہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کا نتیجہ ہوں۔

ٹرمپ نے کہا کہ  وہ ہر  موت کا ذمہ دار کسی ایک فریق کو نہیں ٹھہرا سکتے لیکن ایران کو سختی سے خبردار کر دیا گیا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

ایران میں حکومت مخالف مظاہرین کے نام پیغام دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ‘ آپ آزادی کے لیے کھڑے ہیں، آپ بہادر لوگ ہیں، یہ افسوسناک ہے کہ آپ کے ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، حالانکہ یہ ایک عظیم ملک تھا۔’

یاد رہےکہ ایران میں گزشتہ 12 روز سے عوام مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں شدید گراوٹ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور اس احتجاجی مظاہروں کے دوران درجنوں اموات ہوچکی ہیں۔اس سے قبل بھی امریکا نے ایران کو مظاہرین پر تشدد کے استعمال سے خبردار کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button