پنجگور میں اعلیٰ تعلیم یافتہ مبینہ دہشت گرد گرفتار

پنجگور(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے ضلع پنجگور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن میں اعلیٰ تعلیم یافتہ مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دہشت گرد ساجد بی ایل ایف اور بی ایل اے کے لیے ریکی کرتا رہا ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ساجد پنجگور سے تربت کی طرف بھاری مقدار میں اسلحہ منتقل کررہا تھا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان کے مطابق ساجد سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کا مواد نشر کرنے میں مرکزی کردار ادا کررہا تھا، وہ یونیورسٹی آف تربت میں پڑھاتا بھی رہا ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کے شہری یا انٹیلی جنس نیٹ ورک کا کہیں نہ کہیں تعلق بلوچ یکجہتی کونسل سے ضرور رہا ہے، ساجد احمد بھی بی وائی سی کی لیڈر شپ سے رابطے میں رہا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان نے بتایا کہ حال ہی میں 3 دیگر نوجوان بھی گرفتار کیے ہیں، منصوبے کے تحت بچوں کو ورغلا کر دہشت گردانہ کارروائیوں کی طرف لے جایا جا رہا ہے ۔



