علیحدگی پسند گروہ ایس ٹی سی کے سربراہ یمن سے فرار، ملک سے نکلنے میں متحدہ عرب امارات نے مدد کی، سعودی اتحاد

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب کی قیادت میں قائم یمن کے فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ علیحدگی پسند سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) کے سربراہ عیدروس الزبیدی یمن سے فرار ہوگئے ہیں۔

سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ عیدروس الزبیدی صومالی لینڈ کے راستے  متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) فرار ہو گئے ہیں،  سعودی اتحاد کے مطابق الزبیدی کو خفیہ طور پر ملک سے نکالنے میں متحدہ عرب امارات نے کردار ادا کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق جمعرات کو جاری بیان میں سعودی اتحاد نے کہا کہ عیدروس الزبیدی بدھ کی شب عدن سے ایک بحری جہاز کے ذریعے روانہ ہوئے جو یمن سے صومالی لینڈ کی بندرگاہ بربرہ پہنچا، بعد ازاں الزبیدی نے اماراتی افسران کے ہمراہ ایک طیارے میں سوار ہو کر صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کا رخ کیا۔

بیان کے مطابق طیارے نے خلیج عمان کے اوپر اپناٹرانسپونڈر بند کر دیا تھا جو ابو ظبی کے الریف فوجی ہوائی اڈے پر لینڈنگ سے تقریباً دس منٹ قبل دوبارہ فعال کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اس معاملے پر تاحال نہ تو سدرن ٹرانزیشنل کونسل اور نہ ہی متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے آیا ہے۔

ادھر صومالیہ کے امیگریشن حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایسی اطلاعات کی تحقیقات کر رہے ہیں جن میں ایک ’مفرور سیاسی شخصیت‘ کی نقل و حرکت کے لیے صومالیہ کی فضائی حدود اور ہوائی اڈوں کے مبینہ غیر مجاز استعمال کا ذکر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سدرن ٹرانزیشنل کونسل نے ابتدا میں شمالی یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کا ساتھ دیا تھا لیکن اب جنوبی یمن میں ایک علیحدہ ریاست کے قیام کی حامی ہے۔

سعودی اتحاد کی جانب سے ایس ٹی سی کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں اور یمن کی حکومتی فورسز نے ایس ٹی سی کے کنٹرول میں موجود عدن شہر اور ہاں موجود صدارتی محل کا کنٹرول ایس ٹی سی سے واپس لے لیا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے حال ہی میں صومالیہ کے علاقے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button