چین کا اسمارٹ پاور گرڈ تیار، بلیک آؤٹ ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم ہو گا

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)اگر کسی ملک کے نیشنل گرڈ میں کوئی خرابی ہو جائے تو بجلی گھنٹوں تک منقطع رہتی ہے اور کئی خطوں میں تو دنوں تک بحال نہیں ہوتی۔
مگر چین نے ایک اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو بلیک آؤٹ کو ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کر سکتی ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے دنیا بھر میں بجلی کی محفوظ اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے گی۔
گرڈ پروٹیکشن ٹیکنالوجی پاور گرڈ میں موجود فالٹس کو الگ کرکے ایک سیکنڈ کے 10 ویں حصے میں بجلی کو بحال کر دیتی ہے، حالانکہ عام طور پر اس کے لیے گھنٹوں درکار ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ٹیکنالوجی بہت کم وقت میں مائیکرو فالٹس کو شناخت کرکے انہیں ٹھیک بھی کر دیتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو چین بھر میں استعمال کیا جائے گا جبکہ 12 ممالک کو برآمد بھی کیا جائے گا۔
اسے چائنا پاور ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے تیار کیا ہے جو اسٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنا سے منسلک ادارہ ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ موجودہ عہد میں روایتی پاور گرڈز مختلف تبدیلیوں سے گزر رہے ہیں کیونکہ ونڈ فارمز اور سولر پلانٹس سمیت مختلف ذرائع سے بجلی حاصل ہوتی ہے۔
ان ذرائع سے پیدا ہونے والی توانائی غیر مستحکم ہوتی ہے اور روایتی گرڈز میں مسائل کو تلاش کرکے ٹھیک کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
اسی وجہ سے چین میں ایسے حل پر کام کیا گیا جن سے بلیک آؤٹ پر فوری طور پر قابو پایا جاسکے۔
اس سے قبل 2022 میں چین کی سرکاری پاور گرڈ کمپنی نے ایک آرٹی فیشل انٹیلی جنس سسٹم متعارف کرایا تھا جو بجلی کی سپلائی 3 سیکنڈز میں بحال کرسکتا تھا۔
اب نیا سسٹم اس سے بھی زیادہ برق رفتاری سے یہ کام کرتا ہے۔
اسے بنانے والی ٹیم نے ایسا سسٹم تیار کیا جو ناقابل پیشگوئی ذرائع جیسے ونڈ اور سولر سے حاصل ہونے والی بجلی میں توازن پیدا کرکے پیچیدہ گرڈز میں اس کی فوری ترسیل کرتا ہے جبکہ خرابی کی صورت میں فوری بحال کرتا ہے۔
واضح رہے کہ چین کا پاور گرڈ سسٹم دنیا میں سب سے بڑا ہے جو امریکا سے دوگنا زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے۔



