بدین:سال کی پہلی انسداد پولیو مہم2 فروری سے شروع

بدین (رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سال کی پہلی انسداد پولیو مہم2 فروری سے شروع ہو رہی ہے۔ نئے سال میں نئے جوش و جذبے کے ساتھ پولیو کے خاتمے کے لیے مؤثر مہم چلائی جائے گی، تاکہ ہر بچے کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی صدارت میں دربار ہال بدین میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس کے دوران تعلقہ فوکل پرسن بدین ڈاکٹر شیراز خواجہ اور تعلقہ فوکل پرسن شہید فاضل راهو ڈاکٹر رمضان آرائیں کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر بدین نے ڈی ایچ او بدین سے اس حوالے سے سخت بازپرس کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ ڈاکٹروں سے فوری طور پر وضاحت طلب کی جائے اور رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس بدین میں پیش کی جائے ڈپٹی کمشنر بدین نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی ذمہ داری ہے، جس میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے ہر بچے کے لیے لازمی ہیں، والدین اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں انہوں نے صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران مکمل تعاون کریں اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ مہم کے دوران ٹیمیں ہر گاؤں اور علاقے تک پہنچنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے اجلاس میں پولیو مہم کے حوالے سے ضروری اقدامات، درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے حفاظتی قطرے پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض سے پاک پاکستان کا خواب اسی وقت پورا ہوگا جب ہر شہری اپنی ذمہ داری ادا کرے گا اور مہم میں حصہ لے گا اس موقع پر ڈاکٹر کریم بخش گاڈاہی نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران پیدائش سے 5 سال تک کے 3 لاکھ 91 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے لیے 85 یو سی ایم اوز، 333 ایریا انچارجز، 1446 موبائل ٹیمیں، 66 فکس سائٹس، 50 ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیمیں اور 84 ای پی آئی سینٹر قائم کیے گئے ہیں اجلاس میں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہور احمد عباسی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی بدین اے ثناء اللہ منگی، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی بدین بی رضیہ اجن، اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت، اسسٹنٹ کمشنر شہید فاضل راهو محمد عاطف شفیق، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو باگو ثناء اللہ صدر، اسسٹنٹ کمشنر تلهار عبدالغفار ملّاح، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر محمد خان سومرو، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر عبدالفتاح جونیجو، سی سی او ساون لطیف جونیجو، آئی آر ڈی ڈسٹرکٹ فیلڈ کوآرڈینیٹر رمضان قمبراڻي سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button