حیدرآبادمیں ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کا افتتاح،عوامی وسائل کا درست استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبائی وزیر علی حسن زرداری

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیرِ ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے حیدرآباد میں مختلف ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان منصوبوں کا مقصد شہری سہولیات میں بہتری، بنیادی انفرااسٹرکچر کی مضبوطی اور عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

صوبائی وزیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت وزیرِ اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں ترقیاتی عمل کو تیز کررہی ہے تاکہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔

علی حسن زرداری نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص کام اور تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی وسائل کا درست استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، بلدیاتی نمائندوںمقامی معززین اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ صوبائی وزیر پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ترقیاتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر نے حیدرآباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت دیہی اور شہری علاقوں میں بلا تفریق ترقی کے عمل پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری منصوبے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیے گئے ہیں۔

علی حسن زرداری نے اس موقع پر موجود عوام کے مسائل سنے اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے میئر حیدرآباد کاشف علی شورو اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے شہر اور اس کے نواحی علاقوں کی ترقی کو نئی سمت دی جا رہی ہے۔

آخر میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button