صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا سینٹرل اور خواتین جیل کا دورہ، قیدیوں کی فلاح و بہبود پر زور

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات اور ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری نے سینٹرل جیل کراچی اور خواتین کی جیل کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے قیدیوں کے رہائشی حالات اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جیل انتظامیہ سے قیدیوں کی خوراک، رہائش، صفائی ستھرائی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ علی حسن زرداری نے قیدیوں سے بھی براہِ راست ملاقات کی اور ان کے کھانے پینے، روزمرہ ضروریات اور درپیش مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ قیدیوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بہتر زندگی کی سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جیلوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے مسلسل نگرانی اور عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
علی حسن زرداری کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو انسانی وقار کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
دورے کا مقصد جیلوں میں موجود سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ قیدیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا تھا۔



