شہدادکوٹ:موبائل کیش شاپ میں ڈکیتی، 2 لاکھ 70 ہزار روپے لوٹ کر ڈاکو فرار، تاجروں کا احتجاج

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شہدادکوٹ کے اسٹیشن روڈ پر واقع موبائل کیش کی دکان میں مسلح ڈاکوؤں نے واردات کرتے ہوئے 2 لاکھ 70 ہزار روپے نقدی لوٹ لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
متاثرہ دکاندار عبدالحمید چنہ نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ڈاکو اچانک دکان میں داخل ہوئے، جنہوں نے دکان میں موجود نقد رقم، ان کی جیب میں رکھی رقم اور دکان میں موجود ایک گاہک سے نقدی چھین لی۔ ڈاکو واردات کے دوران دکاندار اور گاہک کے موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔
واقعے کی اطلاع تھانہ بی سیکشن پولیس کو دی گئی تاہم پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
ڈکیتی کے واقعے اور بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف علاقے کے دکانداروں اور تاجروں نے خضدار چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، اس دوران ٹائر نذرِ آتش کیے گئے جس کے باعث چوک عام ٹریفک کے لیے بند ہو گیا۔
احتجاجی مظاہرے کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پولیس کی نااہلی اور غفلت کے باعث جرائم میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔



