حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے گرین سگنل مل گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کے لیے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ جس کے بعد سپیکر چیمبر کی جانب سے اپوزیشن کو دعوت دے دی گئی تاہم ابھی تک اپوزیشن کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات صرف تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے کیے جائیں گے اور غیر منتخب افراد سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔

اسپیکر آفس کے مطابق سردار ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی بدستور برقرار رکھی ہوئی ہے، اور اپوزیشن کی رضامندی کی صورت میں فوری طور پر کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔

گزشتہ سال سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت ہونے والے ناکام مذاکرات میں حکومتی کمیٹی میں اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ، عرفان صدیقی (مرحوم)، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، علیم خان، خالد مگسی اور چوہدری سالک حسین شامل تھے جبکہ اپوزیشن کی کمیٹی میں عمر ایوب ، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ راجہ ناصر عباس اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق اب مذاکرات کا آغاز ہونے پر دونوں اطراف سے مذاکراتی کمیٹیوں کے ممبران میں تبدیلی ہو سکتی ہے ، سابق حکومتی کمیٹی میں شامل عرفان صدیقی کا انتقال ہوچکاہے ان کی جگہ نئی نامزدگی ہوسکتی ہے جبکہ اپوزیشن کی کمیٹی میں شامل عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا 9مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے پر نااہل ہوچکے ہیں اور علی امین گنڈاپور بھی وزارت اعلیٰ سے مستعفیٰ ہوچکے ہیں۔ اپوزیشن کمیٹی میں بھی نئی نامزدگی ہونگی۔ ممکنہ طور پر نامزد اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کمیٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی اسپیکر سردار ایاز صادق سے آخری ملاقات محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے معاملے پر ہوئی تھی۔

اس حوالے سے پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر کی پیشکش کے باوجود ابھی تک اپوزیشن نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے، سپیکر نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں آنے کی دعوت دی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے مذاکرات پر کوئی رابطہ نہیں ہو سکا، ہمارے اتحادی واضح طور پر مذاکرات کے حق میں ہیں، ملک کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں، پی ٹی آئی سپیکر کے چیمبر میں آئے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کا معاملہ سپیکر نے حل کرنا ہے، کوئی معاملہ ایسا نہیں جو مذاکرات کے ذریعے حل نہ ہو، مذاکرات کیلئے تحریک انصاف کو سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ تحریک انصاف خود کنفیوژن کا شکار ہے، پی ٹی آئی کے دو دھڑے الگ الگ باتیں کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button