وزیر داخلہ سندھ کی سکھر آمد، امن و امان پر جائزہ اجلاس
ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،ضیا الحسن لنجار

سکھر(جانوڈاٹ پی کے) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سکھر کا دورہ کیا، جہاں ان کا ڈی آئی جی سکھر دفتر آمد پر پولیس کے خصوصی دستے نے استقبال کیا۔ دورے کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے جرائم کے خلاف پولیس اقدامات، کامیاب آپریشنز اور مختلف اہداف پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچہ اور پکا ایریاز دونوں میں پولیس دستے متحرک اور مستعد ہیں، ڈاکوؤں کی کمین گاہیں مسمار کی جا رہی ہیں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا تعاقب جاری ہے اور کچہ علاقوں میں پولیس کی مستقل موجودگی سے جرائم کی بیخ کنی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو تسلی بخش اور قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کچہ اور پکا ایریاز میں جرائم کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی، ڈاکوؤں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی، اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



