مٹھی: وین کی ٹکر سے زخمی معصوم بچہ دورانِ علاج دم توڑ گیا، علاقے میں سوگ کی فضا

مٹھی (میندھرو کاجھروی / نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی کے علاقے مشرقی بجیر محلہ میں وین کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والا معصوم بچہ رونق عباس ولد راشد بجیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق بچے کو تشویشناک حالت میں پہلے سول اسپتال مٹھی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے اسے حیدرآباد ریفر کر دیا۔ حیدرآباد کے اسپتال میں چند گھنٹے زیر علاج رہنے کے بعد معصوم جانبر نہ ہو سکا۔ ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔
لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور علاقے میں غم کی فضا چھا گئی۔ واقعے کے وقت وین ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے وین کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔



