چکوال: تلہ گنگ کے قریب مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق، 27 زخمی

چکوال (جانوڈاٹ پی کے) تلہ گنگ کے قریب ڈھوک پٹھان کے علاقے میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں راولپنڈی سے کراچی جانے والی مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 27 مسافر زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں 7 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ اسپتال میں زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button