وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا حکم، پنجاب کے 7 شہروں میں ترقیاتی منصوبے اپریل تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 7 شہروں میں ڈیولپمنٹ پراجیکٹ اپریل میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام، لاہور ڈیولپمنٹ پروگرام، مثالی گاؤں ، پی ایچ اے، صاف پانی اور دیہی روڈ منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب بھر کے شہروں اور دیہات کی تعمیر و ترقی کا کام تیز کرنے ، سیوریج لائن سڑکوں کے بجائے گرین بیلٹ میں بچھانے اور مین ہول سڑک کے کناروں پر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 7 شہروں میں پنجاب ڈیولپمنٹ پراجیکٹ اپریل میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ اس حوالے سے پی ایچ اے قائم کرنے کے لیے قابل عمل پلان بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کو سڑکوں میں کھدائی کی وجہ سے ہونے والی تکلیف پر معذرت چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خود نگرانی کا اعلان کیا۔
اجلاس میں ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کی دوسری قسط فوری جاری کرنے اور خراب پانی والے علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ ترجیحی بنیادوں پر لگانے کا حکم دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ کاکہنا تھا کہ ڈی جی خان، خوشاب، رحیم یار خان اور بہاولپور کے علاقوں میں گھر کی دہلیز پر بوتل واٹر ملے گا۔
اس کے علاوہ کلین انرجی سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے6 بائیوگیس پلانٹس کی منظوری دی اور لاہور میں ویسٹ ٹو انرجی پروجیکٹ شروع کرنےکا بھی فیصلہ کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کلین انرجی کے میدان میں پنجاب نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، ویسٹ ٹو انرجی پروجیکٹ سے الیکٹرک بس اور میٹرو بس کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔



