چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا شکارپور کا دورہ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ججز اور وکلاء سے ملاقات

شکارپور (جانوڈاٹ پی کے)سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ظفر علی راجپوت سرکاری دورے پر شکارپور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کا دورہ کیا۔ چیف جسٹس کی آمد پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، عدالتی افسران اور وکلاء برادری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے مختلف عدالتوں کا معائنہ کیا اور ججز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انچارج سیشن جج تھرڈ ایڈیشنل سمیع اللہ قریشی، انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے اسپیشل جج سہراب خان بروہی سمیت دیگر ججز بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس ظفر علی راجپوت نے بار ایسوسی ایشن شکارپور کے وکلاء سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سندھ بار کونسل کے رکن اظہر حسین عباسی اور بار ایسوسی ایشن کے صدر گڈا حسین بلوچ بھی ہمراہ تھے۔ اپنے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ انصاف کی بروقت اور مؤثر فراہمی کے لیے عدلیہ اور وکلاء کا مشترکہ کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء اور ججز ایک ہی نظام کے دو اہم ستون ہیں، جن کے باہمی تعاون سے ہی عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی احاطے میں ایک پودا بھی لگایا، جسے ماحول دوست اقدام قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور سرکاری اداروں کو اس ضمن میں مثال قائم کرنی چاہیے۔

چیف جسٹس کے دورۂ شکارپور کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ عدالتی امور معمول کے مطابق جاری رہے۔

مزید خبریں

Back to top button