وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے عبوری صدر کا حلف اٹھا لیا

کراکس(مانیٹرنگ ڈیسک)وینزویلا کی نائب صدر اور وزیر برائے تیل، ڈیلسی روڈریگز نے ملک کی عبوری صدر کے طور پر باضابطہ حلف اٹھا لیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی جب معزول صدر نکولس مادورو منشیات کے الزامات کے تحت نیویارک کی ایک عدالت میں پیش ہوئے۔
56 سالہ ڈیلسی روڈریگز سے حلف ان کے بھائی جارج روڈریگز نے لیا، جو وینزویلا کی قومی اسمبلی کے سربراہ ہیں۔ روڈریگز کو حکمران جماعت سے مضبوط وابستگی اور نجی شعبے سے قریبی تعلقات رکھنے والی شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔
اسی روز قومی اسمبلی کے 283 ارکان نے بھی حلف اٹھایا، تاہم حزبِ اختلاف کی نمائندگی محدود رہی کیونکہ اپوزیشن کے بڑے حصے نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا، جن میں نوبل انعام یافتہ رہنما ماریا کورینا ماچاڈو کے حامی شامل ہیں۔ قومی اسمبلی کی واحد غیر حاضر رکن خاتونِ اول سیلیا فلورس تھیں، جو اس وقت امریکی حراست میں ہیں۔
معزول صدر مادورو کے بیٹے اور رکنِ پارلیمنٹ، نکولس مادورو گوریرا نے عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز کے لیے اپنی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ان کی ذمہ داری کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کا وطن محفوظ ہاتھوں میں ہے اور جلد ہی وہ اپنے والد سے وینزویلا میں ملاقات کی امید رکھتے ہیں۔



