فورسز چوکس،دہشتگردوں کیخلاف بڑی کامیابی حاصل کرلی،شرجیل میمن

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے دہشتگردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین اور مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس، سکیورٹی فورسز اور انٹیلیجنس ادارے انتہائی مستعد اور چوکس ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف یہ دوسری بڑی کامیابی ہے۔ اس سے قبل دہشتگردوں نے ایک بچی کو استعمال کرنے کی کوشش کی تھی اور اسے خودکش جیکٹ دے کر بمبار بنانے کی سازش کی گئی تھی۔ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حالیہ کارروائی کے دوران دو ٹن سے زائد بارودی مواد برآمد کیا گیا، جس سے بہت بڑی تباہی ہو سکتی تھی، تاہم ہماری فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس خطرناک منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام اداروں اور اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس سازش کو ناکام بنایا اور ملک کو ایک بڑے سانحے سے بچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن ممالک کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن اور ترقی ہو۔ شدید ناکامیوں کے بعد، بھارت اور افغانستان جیسے ممالک کی جانب سے پراکسی دہشتگردوں کو استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کیا جا سکے۔ اس پورے عمل میں بھارت کا مرکزی کردار ہے اور افغانستان کی سرزمین کو بھی بھارت اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف براہِ راست جنگ نہیں لڑ سکتا، اس لیے وہ پراکسیز کا سہارا لے رہا ہے۔ بھارت جانتا ہے کہ حالیہ عرصے میں اسے سامنے کی جنگ میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسی وجہ سے وہ دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔ اب وہ پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا جا سکے اور ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو نقصان پہنچے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیز پر فخر ہے، جنہوں نے بروقت کارروائی کر کے دہشتگردی کو وقت سے پہلے ناکام بنا دیا اور دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری فورسز متحرک ہیں اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کوئی بھی دہشتگرد تنظیم ہو، جن کے پیچھے آر ایس ایس یا بھارتی خفیہ ایجنسیاں ہوتی ہیں، وہی اس نوعیت کی دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث پائی جاتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button