بدین میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ جوش و جذبے سے منائی گئی

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین کی جانب سے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ ضلعی کونسل ہال بدین میں شایانِ شان اور جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین جام علی اصغر ہالیپوتہ نے کہا کہ آج ہم سر شاہنواز بھٹو کے گھر پیدا ہونے والے دنیا کے عظیم رہنما قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو 1973ء کا متفقہ آئین دیا اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے زندگی بھر جدوجہد کی۔

جام علی اصغر ہالیپوتہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن “روٹی، کپڑا اور مکان” کو آگے بڑھاتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، بارش سے متاثرہ افراد کے لیے گھروں کی تعمیر اور دیگر فلاحی منصوبوں پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور وہ آج بھی پارٹی کے ہر کارکن کے دل میں زندہ ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی حاجی رسول بخش چانڈیو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام، کسانوں اور مزدوروں کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانا سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے “پاکستان کھپے” کا نعرہ دے کر ملک کو یکجہتی کا پیغام دیا۔

حاجی رسول بخش چانڈیو نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر اپنی برتری ثابت کی ہے۔

اس موقع پر جنرل سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین ڈاکٹر سجاد چانڈیو نے کہا کہ پارٹی ورکرز ہی پارٹی کی اصل طاقت ہیں اور قیادت ہر کارکن سے مسلسل رابطے میں ہے۔

تقریب میں وائس چیئرمین ضلعی کونسل فدا حسین میندھرو، اطلاعات سیکریٹری پیر وقار شاہ، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات حاجی میر ملاح، تحصیل اور یونین کونسلوں کے صدور سمیت پارٹی عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button