’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں

سری نگر (جانوڈاٹ پی کے) 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان و بھارت نے کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دینے سے متعلق قرارداد منظور کی تھی، جس کے تحت کشمیریوں کو رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا۔ اسی قرارداد کی یاد میں کشمیری عوام ہر سال 5 جنوری کو یومِ حقِ خود ارادیت کے طور پر مناتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی قرارداد کے باوجود بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر عرصۂ حیات تنگ کر رکھا ہے اور انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ اسی وجہ سے کشمیری عوام ہر سال اس دن کو تجدیدِ عہد کے طور پر مناتے ہیں، تاکہ عالمی برادری کو یاد دلایا جا سکے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے چشم پوشی نہیں کر سکتی۔

ترجمان وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کے مطابق بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو اقدامات کر رہا ہے، وہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیری عوام کو یہ حق دیتی ہیں کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں، تاہم بھارت مسلسل ان قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ یومِ حقِ خود ارادیت کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر بھر میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے دفتر مظفرآباد میں یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیری عوام کو ان کا جائز اور تسلیم شدہ حق دیتی ہیں کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم اپنا مؤثر کردار ادا کریں تاکہ اقوام متحدہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر سکے۔

مزید خبریں

Back to top button