پاکستان اورچین کا مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

بیجنگ(جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے دورہ بیجنگ کے دوران دونوں ممالک نے پاک-چین اقتصادی راہداری(سی پیک) سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت پرپہنچانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں اعلیٰ سطح کی سفارتی سرگرمیوں کے دوران چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ سے ملاقات کی،دونوں فریقین نے پاک-چین دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور مستقبل کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ٹو پارٹی روابط، علاقائی صورتحال اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اورسفارتی تعلقات کے قیام کی75ویں سالگرہ کو بامقصد اور شایان شان انداز میں منانے پر اتفاق کیا گیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شوئے شیانگ سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک-چین ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



