کراچی میراتھن: اسرار خٹک نے فل میراتھن جیت کر قومی اعزاز حاصل کیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں منعقد ہونے والی بی وائی ڈی کراچی میراتھن میں قومی ایتھلیٹ اسرار خٹک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فل میراتھن جیت لی۔

عالمی معیار کی اس میراتھن کا آغاز نشانِ پاکستان سے ہوا، جس میں خواتین، بچوں اور پیشہ ور رنرز سمیت ہزاروں افراد نے حصہ لیا۔ رنرز نے سی ویو سے گولف کلب تک دوڑ مکمل کی اور دوبارہ نشانِ پاکستان پہنچے۔

فل اور ہاف میراتھن کے علاوہ 5 کلومیٹر فن رن اور 10 کلومیٹر ریلے ریس بھی منعقد کی گئی۔ فل میراتھن میں اسرار خٹک نے 42.1 کلومیٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 39 منٹ 58 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ حماس منہاس نے 2 گھنٹے 48 منٹ 59 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ہاف میراتھن میں محمد اختر نے 1 گھنٹہ 19 منٹ 29 سیکنڈز میں پہلی پوزیشن حاصل کی، عطاالصمد دوسرے اور فیضان فیضی تیسرے نمبر پر رہے۔

ویمنز فل میراتھن میں سارہ لودھی نے 42.1 کلومیٹر کا فاصلہ 3 گھنٹے 33 منٹ 28 سیکنڈز میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ایلیسا ڈائس دوسرے نمبر پر رہیں۔ ویمنز ہاف میراتھن میں کوکب سرور نے 1 گھنٹہ 53 منٹ 57 سیکنڈز میں پہلی پوزیشن جیتی، رابعہ نعیم دوسری اور ضحیٰ پوناوالا تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس عالمی معیار کی میراتھن میں مجموعی طور پر 6,500 رنرز نے حصہ لیا، جن میں ایک ہزار خواتین شامل تھیں، جبکہ 25 ممالک سے تعلق رکھنے والے 30 غیر ملکی رنرز نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button