مئیر نیویارک ظہران ممدانی ٹرمپ کے سامنے ڈٹ گئے

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)میئر نیویارک ظہران ممدانی نے وینزویلا پر امریکی فوجی کارروائی کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خودمختار ملک پر حملہ دراصل جنگ کے مترادف ہوتا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں میئر نیویارک نے وینزویلا میں امریکی کارروائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے نہ صرف عالمی اثرات مرتب ہوں گے بلکہ اس کے نیویارک میں مقیم وینزویلا کے شہریوں پر بھی منفی نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک کی جیل میں رکھنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، جو ایک غیر معمولی اور سنگین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی امن اور بین الاقوامی قوانین کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے حالیہ دنوں وینزویلا پر حملہ کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب وینزویلا کی حکومت نے امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس کارروائی کا اصل مقصد وینزویلا کے تیل اور قدرتی معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے۔



